پیپلز پارٹی پیچھے ہٹ گئی، ہم بھی بلا وجہ نہیں چھیڑیں گے، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اب اسلام آباد میں کوئی حرکت کی تو سندھ میں جوڈو کراٹے ہوگا، پیپلز پارٹی پیچھے ہٹ گئی ہے اب ہم بھی انہیں بلا وجہ نہیں چھیڑیں گے۔  

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں ثمر عباس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نےہرجگہ جلسےکیے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے کبھی اکٹھے نہیں ہوسکتے۔ یہ 2 پارٹیاں صرف عمران خان کو گرانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلا۔ یوسف رضا گیلانی کے معاملے پر بات نہیں کرسکتا کیونکہ ان کا کیس عدالت میں ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ پنجاب میں عدم اعتماد ہو جبکہ ن لیگ والے پنجاب میں عمران خان اور عثمان بزدار کیساتھ ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جوڈو کراٹے کیے تو جواب سندھ میں دیں گے۔ پہلی بار وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کے خلاف کوئی بیان نہیں دینا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن ریفارمز کیلئے بھی کہا ہے۔ رمضان کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔ آصف زرداری ہوشیار آدمی ہیں۔ بینظیر سے شادی اور صدر بننے تک آصف زرداری نے یہ مقام ہوشیاری سے حاصل کیا۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم اسلام آباد میں حرکت کرتی ہے تو سندھ میں گورنر راج نافذ کیا جائیگا، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ مجھ پر اور مولانافضل الرحمان پر 3،3 خود کش حملے ہوئے  ہیں۔ یہ تو اللہ کا فیصلہ ہے کہ کس کا دانا پانی ختم ہوا ہے۔ اگر مولانا فضل الرحمان اسمبلی سے باہر ہیں تو بیٹا تو اسی اسمبلی میں موجود ہیں۔ فضل الرحمان پہلے صرف مذہبی سیاست کو لیڈ کرتے تھے،اب قومی سیاست پرآئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبرکی ساری کوششوں کے باوجود نوازشریف واپس نہیں آئے۔ موجودہ حکومت نواز شریف کی دشمن نہیں بلکہ اسی حکومت نے باہر بھیجا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بالکل مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔ عمران خان سیاسی طور پر ہیوی ویٹ ہیں۔ لوگ آج بھی عمران خان سے توقع کر رہے ہیں۔۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان اتنے اچھے تعلقات پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ جو سیاست میں بات چیت کا راستہ بند کرے وہ سیاستدان ہی نہیں۔ بندگلی میں داخل ہونا سیاست دان کا کام نہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ تمام جماعتوں سے بات چیت کا سلسلہ شروع ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے آخری سال کا ترقیاتی کام کوئی نہیں مانتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تبدیل نہیں ہورہے ہیں۔ سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کا مشورہ میرا نہیں تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی میں کمی لانے کیلئےاقدامات کی ضرورت ہے۔ شہباز گل اور کیپٹن صفدر پر انڈے پھینکنا کمتر لوگوں کا کام ہے۔ وفاقی کابینہ میں کمی نہیں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ سینیٹ میں کیمرے کس نے لگوائے۔ جس نے بکنا ہوتا ہے وہ کیمرہ لگا ہو نہ لگا ہو وہ بک جاتے ہیں۔ اس بار بہت لوگ بکے ہیں۔ مصدقہ اطلاع کے مطابق 30 کروڑ روپے تک میں بھی ووٹ بکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حفیظ شیخ ہی وزیرخزانہ رہیں گے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں 2 مختلف سوچیں ہیں۔ شہباز شریف اور مریم نواز کی سوچ مختلف ہے۔


متعلقہ خبریں