بغیر امتحان کے کسی کو بھی پروموٹ نہیں کیا جائے گا، وزیر تعلیم پنجاب

کورونا صورتحال دیکھ کر اسکولز کھونے کا فیصلہ کریں گے، وزیر تعلیم پنجاب

لاہور: وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے، صورتحال دیکھ کر اسکولز دوبارہ کھونے کا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  کورونا کی وجہ اسکول تو بند ہیں، مگر طلبا گھروں میں مطالعہ جاری رکھیں، اس بار کسی کو بھی بغیر امتحان کے اگلی جماعت میں ترقی نہیں دی جائے گی۔ بغیرامتحانات کے بچوں کو پاس کرنے سے قوم نالائق بن رہی ہے۔

مراد راس نے کہا کہ جس نے احتجاج کرنا ہے دل کھول کر احتجاج کرلے۔ ہم پر کوئی دباؤ نہیں اور نہ ہی کوئی دباؤ ڈال سکتا ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث 7 اضلاع میں اسکولز بند کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ اسکولز کو رجسٹر کرنے کے لیے پہلے رشوتیں دینی پڑتی تھیں۔ اسکول رجسٹریشن پروگرام نومبر میں شروع کیا۔ 50ہزاردرخواستیں موصول ہوئیں۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ کورونا کے باوجود صوبے بھر میں 2 لاکھ 46 ہزار بچوں کو اسکولوں میں واپس لائے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے 9 اضلاع میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پنجاب کے 7 شہروں میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے باعث اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور لاہور میں تعلیمی ادارے  15 سے 28 مارچ تک  بند رہیں گے۔


متعلقہ خبریں