وزیر اعظم عمران خان کو کورونا ہو گیا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

گور نر پنجاب چودھری سرور نے وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چودھری سرور کا کہنا ہے کہ عوام وزیر اعظم عمران خان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، کورونا میں مزید شدت بہت خطرناک ہے احتیاط لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان میں کورونا کی علامات شدید نہیں ہیں، ان کو ہلکی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اللہ جلد صحتیاب کرے ، براہ مہربانی اس کو کورونا ویکسین کے ساتھ لنک مت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے، اپنے بزرگوں اور پیاروں کو ویکسین ضرور لگوائیں، احتیاط کریں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ وزیر اعظم عمران خان کو صحت کاملہ عطا فرمائے، پوری قوم کی دعائیں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے قوم دعا گو ہے، اللہ تعالی وزیراعظم کو جلد شفا یاب فرما ئے۔

شبلی فراز نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے وزیر اعظم جلد صحت یاب ہوجائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرز اتوار اور 23مارچ کو بند رہیں گے

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے وزیر اعظم جلد صحت یاب ہوجائیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔


متعلقہ خبریں