حکومت میں ہمت ہے تو میرے خلاف خود مدعی بنے، جاوید لطیف

فائل فوٹو


پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر حکومت میں ہمت ہے تو میرے خلاف خود مدعی بنے، کسی کو استعمال نہ کرے۔

لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ میں بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ آج ملک میں ایک اورغدار کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد ہے،اس میں اگر مگر نہیں۔ پاکستان کےگلی کوچوں میں آئین کےتحفظ کیلئےباتیں ہورہی ہیں۔

ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ مادر ملت فاطمہ جناح اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ کیا ہوا؟ کیا کبھی کسی نے اس حوالے سے تحقیقات کروائیں؟

خیال رہے کہ لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ میں جمیل سلیم کی مدعیت میں جاوید لطیف کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک پر مسلط ٹولے سے قوم کو نجات دیں گے، رانا ثنا اللہ

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے خلاف ریاست سے بغاوت اور سائبر کرائم ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جاوید لطیف کے خلاف مقدمہ ٹاؤن شپ کے رہائشی جمیل سلیم کی مدعیت میں میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق جاوید لطیف نے اپنے بیان سے عوام میں خوف ہراس پھیلایا جبکہ جاوید لطیف نے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف گفتگو کی۔

واضح رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی ہلاکت پر تو آصف زراری نے پاکستان کھپے کہہ دیا تھا لیکن اگر مریم نواز کو کچھ ہوا تو پھر پاکستان نہیں کپھے گا۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر مریم نوازکو کچھ ہوا تو پھر مشرقی پاکستان والی تاریخ دہرائیں گے۔


متعلقہ خبریں