گورنر اسٹیٹ بینک ابھی بھی آئی ایم ایف کے ملازم ہیں، سلیم مانڈوی والا


پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے استعفیٰ نہیں دیا ہے بلکہ وہ چھٹیوں پر ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف سے احکامات لیتے ہیں۔

پروگرام بریکنگ پوائنٹ وِد مالک میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو اتنے اختیارات نہیں دینے چاہیے کہ کل کو وہ حکومت کو ڈکٹیٹ کرے۔

انہوں نے کہا کہ آج  پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں طے پایا ہے کہ این اے 249 کراچی ویسٹ سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ  کا مشترکہ امیدوار الیکشن لڑے گا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے جارہی ہے۔ موجودہ حکومت نےمہنگی بجلی بنائی۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر رضا باقر گورنر اسٹیٹ بینک مقرر

رہنما ن لیگ خرم دستگیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو فی الوقت موَخر کیا ہے۔ پی ڈی ایم آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز یعنی کرائے کے بجلی گھر سے فائدہ اٹھانے والے وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ چینی اورپیٹرول بحران سےفائدہ اٹھانے والے بھی موجودہ کابینہ میں بیٹھے ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سابقہ حکومت کے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے بھی مسائل ہیں۔ محصولات اکٹھا نہ ہونے کے باعث آئی ایم ایف کے پاس مجبوری سے جانا پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں