چارجر کے بغیر آئی فون فروخت کرنے پر ایپل کو19 لاکھ ڈالر کا جرمانہ


برازیل میں صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے والی ایجنسی نے امریکی کمپنی ایپل کو چارجر کے بغیر آئی فون فروخت کرنے پر 19 لاکھ ڈالر کا جرمانہ کیا ہے۔

ایجنسی نے ایپل کمپنی کو ہدایت کی تھی کہ موبائل فون کے ساتھ چارجر اور چارجنگ کیبل بھی بھیجی جائے۔ لیکن کمپنی نے ایک متنازعہ فیصلہ لیتے ہوئے نئے آئی فون کے ڈبوں سے چارجر اور ایئر پوڈ نکال لیے۔

امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایپل 2030 تک ’کاربن سے پاک فضا‘ کیلئے کوشاں ہے اور یہ فیصلہ بھی اسی تناظر میں لیا گیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ آئی فون کے ڈبے سے اگر ائیر پوڈ اور چارجر نکال دیا جائے تو پیکنگ میٹریل70 فیصد تک کم ہوجائے گا۔ ایسا کرنے سے کمپنی کم جگہ میں زیادہ موبائل فون دیگرممالک بھیج سکے گی اور سمندری جہازوں سے ہونے والے کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی۔

اس بیان کے بعد برازیل میں صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے والی ایجنسی نے کہا کہ ایپل کو عملی مظاہرے سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ آئی فون کے ڈبے سے چارجر اور آئی پیڈ نکالنے سے کاربن کے اخراج، کاکنی اور قیمتی دھاتوں کے استعمال میں کمی آتی ہے۔

ایپل کے آئی فون12 کو دیگر ممالک میں بھی اس قسم کے تنازعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فرانس کے ریگولیٹرر کا بھی کہنا ہے کہ اگر ایپل نے مارکیٹ میں اپنی ساکھ کو برقرار رکھنا ہے تو اسےآئی فون12 کیساتھ چارجر اور ایئر پوڈ دینے چاہیں جو کہ اصلی پیکنگ میں نہیں تھے۔


متعلقہ خبریں