امریکی صدر جوبائیڈن کی صدر عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد


امریکی صدر جوبائیڈن نے صدر مملکت عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد دی ہے۔ 

جوبائیڈن نے یومِ پاکستان کے موقع پر صدر عارف علوی کے نام خط لکھا جس میں انہوں نے  پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔

خط کے متن میں تحریر کیا گیا ہے کہ پاکستان امریکا پارٹنرشپ علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

جو بائیڈن نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ افغانستان میں قیام امن، کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، ماحولیاتی تبدیلی اور مشترکہ چیلنجز پر قابوپانے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔

امریکی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

یوم پاکستان کے تاریخ سازموقع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغازہوا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21/21 توپوں کی سلامی ہوئی۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر- اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ہم نیوز کے مطابق اہل وطن نے نماز فجر میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد میں پیش امام صاحبان نے تحریک پاکستان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔


متعلقہ خبریں