ملک کے بیشتر حصوں میں بارش

ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، گوجرہ، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ رات سے ہونے والی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد اور جڑواں شہر راوالپنڈی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ ملتوی کردی گئی جو اب 25 مارچ کو ہو گی۔

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا ہے علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث سیکڑوں فیڈر ٹرپ کر گئے۔ ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے 299 فیڈر ٹرپ ہو گئے، پشاور سرکل کے74، خیبر سرکل کے 72، بنوں سرکل کے60 ، مردان سرکل 18، صوابی سرکل 20، ہزارہ 1 کے 19، ہزارہ 2 کے 15 اور سوات سرکل کے 21 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپا میں 3 دن سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، پہاڑوں پراب تک 9 انچ برف پڑ چکی ہے، شدید بارش اور برفباری کے باعث وادی لیپا کا مظفر آباد ست زمینی رابطہ معطل ہو گیا۔


متعلقہ خبریں