صدر مملکت نے سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز سے نوازا


یوم پاکستان کے موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔

سلطانہ صدیقی جنوبی ایشیا کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے ایک ٹی وی چینل قائم کیا اور کامیابی سے چلایا۔

پاکستان کے سب سے بڑے براڈ کاسٹ نیٹ ورک  ہم نیٹ ورک کی بانی صدر سلطانہ صدیقی  اپنی محنت سے معاشرے میں بلند مقام بنانے والی  خواتین کیلئے ایک بہترین مثال ہیں۔

سلطانہ صدیقی نے 1974 میں پی ٹی وی کراچی اسٹیشن سے بطور پروڈیوسر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

ان کا غیر معمولی شہرت حاصل کرنے والا ڈرامہ ’ماروی‘ انکی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا، جس کے بعد سے انہوں نے بے شمار ڈرامے پیش کئے اور اُن کی ہدایات دیں۔

سلطانہ صدیقی نے 1996 میں مومل پروڈکشنز کے نام سے ایک پروڈکشن ہاوس کی بنیاد رکھی۔

16 سال کا ہونے کی وجہ سے ’ہم‘ کی ذمہ داری اور بڑھ گئی ہے، سلطانہ صدیقی

2004 میں انہوں نے ہم نیٹ ورک کی داغ بیل ڈالی۔ ہم نیٹ ورک کراچی اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹر ہونے والا پہلا ٹی وی چینل ہے جس کا شمار اسٹاک ایکس چینج کی  25 بہترین کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

سلطانہ صدیقی کی خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان نے انہیں  2008 میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا ۔

2013 میں سلطانہ صدیقی کو سی ای او ایشیا سمٹ کی جانب سے سو بہترین بزنس لیڈرز میں سے ایک قرار دیا گیا۔

کامیابی کیلئے سلطانہ صدیقی نے کون سے گُر اپنائے؟

2015 میں سی ای او کلب پاکستان کی جانب سے انہیں، بیسٹ لیڈر شپ ایوارڈ دیا گیا۔

سلطانہ صدیقی کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں انہیں بہت سے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

ان میں پی ٹی وی سلور جوبلی ایوارڈ  بہترین میوزک پروڈیوسر ایوارڈ  شامل ہے انہیں 1987  سے1997  تک کا بہترین پروڈیوسر بھی قرار دیا جا چکا ہے ۔

اپنے شاندار کام کی وجہ سے انہیں ، فلم انڈسٹری کا مشہور نگار ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

اس کے علاوہ  سلطانہ صدیقی کو وومن آف وژن ایوارڈ اور حضرت خدیجہ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

میڈیا کے شعبے میں سلطانہ صدیقی کی خدمات کے اعتراف میں گرین وچ یونیورسٹی کراچی نے 2016میں انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا  ۔


متعلقہ خبریں