مریم نواز کی حفاظتی ضمانت 12 اپریل تک منظور


لاہور: عدالت نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی حفاظتی ضمانت 12 اپریل تک منظور کر لی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے نیب کے نوٹسز کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔ جس پر آج ہی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مریم نواز کو 12 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

مریم نواز نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے دو تحقیقات میں 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور  درخواست گزار کو 26 مارچ کو گرفتار کیا جا سکتا ہے اس لیے عدالت نیب کو گرفتاری سے روکے۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 26 مارچ کو 1500 کنال کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کیس اور چوہدری شوگر ملز کیس میں طلب کر رکھا ہے۔

نیب نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور آفس کے اطراف کا علاقہ ریڈ زون قرار دے کر سیکورٹی رینجرز کے سپرد کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین سینیٹ الیکشن کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایت پر نیب نے مریم نواز کو طلب کیا ہے اور مریم نواز کی نیب پیشی کے وقت رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب شہزاد اکبر کے ماتحت ہے وہ انصاف کا ادارہ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں