دیوہیکل بحری جہاز نہر سویز میں پھنس گیا، اہم تجارتی راستہ بند

دیوہیکل بحری جہاز نہر سویز میں پھنس گیا، تجارتی راستہ بند

زور دار لہروں اور تیز رفتار سمندری ہواؤں کے باعث تائیوان کا ایک بہت بڑا بحری جہاز مصر کی نہر سویز میں پھنس گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندری شپ کے پھنسے کے سبب دنیا کے مصروف ترین سمندری راستے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق تائیوان کا ایم وی ایور گرین نامی بحری جہاز نیدر لینڈ کے شہر نوٹرڈیم جاتے ہوئے گزشتہ رات نہر سویز کی سمندری حدود میں داخل ہوگیا تھا جسے زوردار لہروں اور تیز ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا۔

سمندری جہاز لہروں کی شدت کو برداشت نہ کرسکا اور سمندری راستے میں ترچھا کھڑا ہوگیا۔

بی بی سی کے مطابق  سویز کینال میں پھنسے 400 میٹر طویل بحری جہاز کو ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے کمپنی کی انتظامیہ اور مصری حکام آپس میں رابطے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جہاز کو اپنی جگہ سے ہٹانے تک مصری حکام نے پھنسے ہوئے سمندری ٹریفک کو موڑنے کے لیے نہر کا پرانا چینل کھول دیا ہے۔

عالمی تجارت کا 12 فیصد نہر سویز سے ہوتا ہے۔ بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو جوڑنے والی سویز کینال کا شمار دنیا کی اہم تجارتی شاہراہوں میں ہوتا ہے۔ سویز کینا ایشیا اور یورپ کے درمیان مختصر ترین سمندری رابطہ فراہم کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سویز کینال اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال تقریباً 19 ہزار بحری جہازوں کا سویز کینال سے گزر ہوا تھا جس میں 1.17 ارب ٹن کا سامان تھا۔ یہ کینال حالیہ سالوں میں مصر کی معیشت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے اور ملک نے گذشتہ سال کینال سے 5.61 ارب ڈالر کی آمدنی کمائی تھی۔


متعلقہ خبریں