شہباز شریف کی کورونا ویکسین لگوانے کی درخواست منظور

فوٹو: فائل


احتساب عدالت لاہو ر نے مسلم لیگ ن  کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی کورونا ویکسین لگوانے کی استدعا منظور کر لی ہے۔ 

عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو دو دن میں شہباز شریف کو کورونا ویکسین لگانے کا حکم دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کورونا کے باعث پریڈ کی تقریب میں شریک نہ ہوسکے

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے استدعا کی تھی کہ میری رواں سال عمر 70 سال ہوجائے گی،عدالت ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو ہدایت دے کہ مجھے کورونا ویکسین لگوائی جائے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر تعلیم شفقت محمود سمیت متعدد شخصیات نے کورونا ویکسین لگوائی ہے۔

ملک بھرمیں 60 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 63 اموات اور 3 ہزار 946 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 28 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار 988 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں کہاں کہاں لاک ڈاؤن ہے؟ 

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 37 ہزار 985 ہے۔ 5 لاکھ 88 ہزار 975 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں