میں اب نیب کے لیے آسان شکار نہیں بنوں گی، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یں اب نیب کے لیے آسان شکار نہیں بنوں گی، جتنا نیب نے انتقام لینا تھا وہ لے چکا، اب ظلم کے مٹنے کے دن آگئے ہیں۔

جاتی امرا میں اپنی رہائشگاہ پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ایک ادارہ ہے۔ جب ظلم حد سےبڑھ جاتا ہے تومٹ جاتا ہے۔ ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔

مزید پڑھیں: نیب نے مریم نواز کی پیشی ملتوی کردی

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ بی این پی کے سربراہ اخترمینگل اور جہانزیب جمال دینی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ سینیٹ میں ن لیگ کے امیدوار کے لیے اپوزیشن لیڈر کی حمایت پر اختر مینگل کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم نے آج کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر وزیراعظم کو پکڑنا چاہیے۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ سینیٹ میں ن لیگ کے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہوں گے۔ پاکستان ڈیموکریٹک اجلاس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ کا فیصلہ ہواتھا۔

انہوں نے کہا کہ کہا گیا مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کررہی ہیں۔ سیاسی الزام لگایا گیا کہ مریم نواز اداروں کیخلاف بات کرتی ہیں۔ نیب تحویل میں جو سلوک کیا گیا، سب سامنے لاوں گی۔ جب 26 مارچ کو لانگ مارچ ہونا تھا اسی دن مجھے پیشی پر بلا لیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہائی کورٹ میں نیب نے موقف اختیار کیا کہ مریم نواز اداروں کے خلاف بول رہی ہے۔ الزامات میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی تو سیاسی الزام تراشی نہیں کرتے۔ بتانا چاہتی ہوں، نیب کی دھمکیاں ن لیگی قیادت پر استعمال مت کرنا۔

انہوں نے کہا کہ آج ڈسکہ کے الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں وہ منا رہے ہیں جن کو ہار کا ڈر ہے۔ پوری دنیا کے سامنے ڈسکہ انتخابات کے ثبوت آئے۔ پوری دنیا نے دیکھا ڈسکہ الیکشن میں یہ تھیلے اٹھا کر بھاگے۔

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ مجھ پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا میری گاڑی پر لیزر گن سے حملہ کیا گیا۔ میں قاتلانہ حملہ کے بعد پھر بھی نیب کے دفتر کے باہر کھڑی ہوگئی۔ پہلے بھی ان نے پسپائی اختیار کی اور آج بھی پسپائی اختیار کی۔

مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو سے اچھا تعلق ہے، سیاست میں اتار چڑھاوَ آتے ہیں۔

بی این پی رہنما جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ ملکی حالات پر مریم نواز سے گفتگو ہوئی۔ فیصلہ ہوا تھا کہ کل مریم نواز کی پیشی پر اظہا ریکجہتی کریں گے۔بلاول بھٹو اور مریم نواز سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ ہماری مشترکہ کوشش ہوگی کہ پی ڈی ایم کو مزید مضبوط کریں۔ پی ڈی ایم کے ہر فیصلے پر ان کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)  نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی کل نیب لاہور میں پیشی ملتوی کردی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیشی کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں مناسب وقت پر کیا جائیگا۔ کورونا کی تیسری لہر کے باعث مریم نواز کی پیشی کو ملتوی کیا گیا۔


متعلقہ خبریں