سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی آمنے سامنے


حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی دو اہم جماعتیں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے آمنے سامنے آگئی ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹو نائٹ‘ میں پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے ن لیگی امیدوار اعظم نذیر تارڑ کے نام کی مخالفت اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار لانے کا اعلان بھی کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ اعظم نذیر تارڑ کا نام واپس نہیں لیتی تو اپنا امیدوار لائیں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے امیدوار اعظم نذیر تارڑ کیلئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے رابطے مکمل کرلیے ہیں۔ ن لیگ کے پاس قائد حزب اختلاف کیلئے 26 اراکین کے دستخط مکمل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ن لیگ کو جے یو آئی، پی کے میپ اور بی این پی مینگل کی حمایت حاصل ہے۔

پی ڈی ایم کی جماعت اے این پی تاحال قائد حزب اختلاف سے متعلق فیصلہ نہیں کرسکی۔ اعظم نذیر تارڑ کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کا امکان زیادہ ہے۔ پیپلز پارٹی کو یوسف رضا گیلانی کیلئے مشکل کا سامنا ہے۔

اس وقت سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے 21 سینیٹرز ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین سینیٹ کی تعداد 17 ہے، اس سے قبل راجا ظفر الحق اپوزیشن لیڈر تھے لیکن اس مرتبہ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔

دوسری جانب سینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار نامزد کرنے والی کمیٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دینا متفقہ فیصلہ تھا اور اس کا سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں