ایک بار انتخابات ملتوی ہوئے تو پھر نہیں ہوں گے، سعد رفیق


لاہور: وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے، حکومت بنانے کا فیصلہ  کبھی چند لوگوں کو نہیں کرنے دینا چاہیے بلکہ عوام ووٹ دیتے ہیں توحکومت بنتی ہے۔

لاہور میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پارٹنر ہیں جبکہ سب جانتے ہیں کہ سینیٹ میں کس نے کس کو ووٹ دیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ خان صاحب میدان میں آئیں باتوں کا وقت گزر گیا، آپ ابھی سیاست میں نئے ہیں، اب آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

سعد رفیق نے کہا کہ کے پی میں کام کے بجائے دھرنوں میں وقت ضائع کیا گیا، انتخابات ملتوی ہونے کا عمران خان کا بیانیہ غلط ہے کیونکہ کپتان کی خواہش ہے کہ الیکشن ایک، ڈیڑھ ماہ ملتوی ہو جائیں اوراگر انتخابات ملتوی ہوئے تو پھر خدانخواستہ نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں نگران حکومت آئین کے مطابق 60 دن کے لیے آئے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگرسازشیں نہ کی جاتیں اورمخالفین عدالتوں میں نہ جاتے تو آج ہم بجلی کی کمی پوری کرچکے ہوتے لیکن ہمیں پانچ برس کام ہی نہیں کرنے دیا گیا جبکہ ہماری حکومت ووٹ لے کر آئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام ذمہ داری سے نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نےحلقہ وار اپنی سیاسی مہم کا آغاز کردیا ہے اور ہماری جانب سے وزارت عظمیٰ  کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔


متعلقہ خبریں