انتخابات میں شکست نہ دے سکے تو نااہل کرا دیا گیا، نوازشریف


مانسہرہ: سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نااہلی کے فیصلے کو اسمبلی میں جا کربدلنا ہوگا، لاڈلے کی قسمت میں صرف دھرنے ہیں، زرداری اور عمران کو الیکشن میں شکست  فاش ہوگی۔

مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اورعمران خان انتخابات میں شکست نہ دے سکے تو مجھے عدالت سے نااہل کرا دیا لیکن ہم انہیں آئندہ انتخابات میں بھی شکست دیں گے۔

نواز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاڈلے کو پاکستانی عوام مسترد کر چکے ہیں، ان کی قسمت میں صرف دھرنے ہیں اور انہی کے دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ بھی منسوخ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے، پہلے مجھے نااہل کیا گیا اوراب ہاتھ دھو کرمیرے پیچھے پڑے ہیں کہ کسی طرح مجھے جیل بھیجا جائے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے ان کی نااہلی کا فیصلہ قبول نہیں کیا ، اس فیصلے کو اسمبلی میں جا کربدلنا ہوگا۔

نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا مطلب ہے نوجوانوں کو عزت دو، پاکستان کو عزت دو، پاکستان چند لوگوں کی جاگیر نہیں 22 کروڑ عوام کا ملک ہے اور یہ 22 کروڑ عوام کسی کے نوکرنہیں۔  آئندہ 70 سال رسوائی والےنہیں عزت والے ہوں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ  لاہور سے لے کر برہان تک دائیں بائیں دیکھتا رہا لیکن مجھے نیا پاکستان کہیں نظرنہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں کوئی ترقی نظرنہیں آتی، لیکن اگر خیبرپختونخوا شہبازشریف کے پاس ہوتا تو اس کا نقشہ بدل چکا ہوتا، انہوں نے کہا کہ لاہور جا کر دیکھیں نیا پاکستان کسے کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں 12،12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موٹروے دوتین ماہ میں ایبٹ آباد پہنچنےوالی ہے، آپ نے ووٹ دیا تو کوشش کروں گا مانسہرہ تک موٹروے پہنچا دوں۔

نواز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہم لے کر آئے، جس سے ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ مانسہرہ سی پیک کے روٹ پر واقع ہے بہت جلد پاکستان کی تجارت کا مرکز بننے والا ہے۔


متعلقہ خبریں