یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر



اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی سے متعلق نوٹیفکیشن سینیٹ سیکریٹریٹ نے جاری کیا۔ نوٹیفکیشن پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سومرو نے وصول کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے 30ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ درخواست چیئرمین سینیٹ کو جمع کرائی تھی۔

ذرائع کے مطابق 21 پیپلزپارٹی، 2 اے این پی، ایک جماعت اسلامی، 2 فاٹا، دلاور خان کے ازاد گروپ کے 4 ممبران نے حمایت کی ہے۔

شیری رحمان نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم کا کوئی جنازہ نہیں پڑھا گیا یہ پیپلزپارٹی کا حق تھا۔

حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی دو اہم جماعتیں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے آمنے سامنے آگئی ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹو نائٹ‘ میں پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے ن لیگی امیدوار اعظم نذیر تارڑ کے نام کی مخالفت تھی۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ اعظم نذیر تارڑ کا نام واپس نہیں لیتی تو اپنا امیدوار لائیں گے۔

اس وقت سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے 21 سینیٹرز ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین سینیٹ کی تعداد 17 ہے، اس سے قبل راجا ظفر الحق اپوزیشن لیڈر تھے لیکن اس مرتبہ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔


متعلقہ خبریں