نلتر واقعہ میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ڈی آئی جی گلگت

نلتر واقعہ میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ڈی آئی جی گلگت

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس گلگت رینج وقاص حسن نے کہا ہے کہ گزشتہ روز گلگت کے مضافاتی علاقے نلتر میں گاڑی پر فائرنگ میں مبینہ طور پر ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایس ایس پی گلگت راجہ مرزا حسن  کے ہمراہ گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی گلگت رینج وقاص حسن نے کہا کہ پولیس کیس کی باریک بینی سے تفتیش کررہی ہے۔ نلتر میں کافی عرصے سے 2 گروپوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تین ملزمان کو کل رات گرفتار کیا تھا اور آج 8 ملزمان گرفتار کرلیا گیا۔ دیگر نامزد ملزمان کو آج شام تک گرفتار کیا جائے گا۔ واقعے میں 16 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری میں مقامی امام بارگاہ کی انتظامیہ نے بہت تعاون کیا۔

ڈی آئی جی پولیس نے کہا کہ ملزمان نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو شہید کیا تھا۔ کل کا واقعہ مکمل طور پر دہشتگردی کا واقعہ تھا جسکی مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: گلگت: مسافر گاڑی پر فائرنگ، خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق، 7 زخمی، ملزمان گرفتار

انہوں نے کہا کہ نلتر بالا میں پولیس چوکی قائم کردی گئی ہے، نلتر پائین میں بھی جلد قائم کردی جائے گی۔ واقعے پر ردعمل آنے کے خدشے کے پیش نظر پورے خطے میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔

ڈی آئی جی پولیس وقاص حسن کا کہنا ہے کہ نلتر چوکی میں تعینات پولیس اہلکاروں کا جلد تبادلہ کیا جائے گا۔ ملزمان کا اصل ٹارگٹ واقعے میں جاں بحق سکندر نامی شخص تھا۔

انہوں نے کہا کہ تین ملزمان کو کل رات گرفتار کیا تھا اور دیگر نامزد ملزمان کو آج شام تک گرفتار کیا جائے گا۔ واقعے میں 16 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری میں مقامی امام بارگاہ کی انتظامیہ نے بہت تعاون کیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس ترجمان نے گزشتہ روز غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جس پر معذرت کرتے ہیں۔ ملزمان کی جو تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں وہ گرفتاری کے بعد کی نہیں۔ جو لوگ ہتھیاروں کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصویریں اپ لوڈ کرکے دھمکیاں دے رہے ہیں ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ڈی آئی جی وقاص حسن نے کہا کہ گزشتہ روز نعشوں کو اسپتال پہنچانے میں تاخیر کی وجہ زخمیوں کو موقع پر دی جانے والی طبی امداد  تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز گلگت میں مسافر گاڑی پر مسلح ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق افراد میں آرمی پبلک سکول نلتر کے پرنسپل سکندر حنفی بھی شامل ہیں۔

دہشت گردی واقعہ  گلگت کے سیاحتی مقام نلتر  میں پیش آیا تھا۔ ٹیوٹا جیپ پر نلتر پائین کے مقام پر فائرنگ سے خاتون سمیت 6 افراد جابحق 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔


متعلقہ خبریں