مہنگائی میں 0.61 فیصد اضافہ، شرح 15.35 فیصد سے تجاوز کر گئی

رمضان المبارک

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادو شمار جاری کردیے جس کے مطابق مہنگائی میں 0.61 فیصد اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 15.35 فیصد سے تجاوز کر گئی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 22 اشیا مہنگی ہوئیں، 7  کے نرخ کم ہوئے جبکہ 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چکن، ٹماٹر، آٹا، گھی، چینی، دالیں، بریڈ اور دودھ مہنگے ہوئے جبکہ لہسن، پیاز، آلو، ایل پی جی، چاول اور گڑ سستا ہوا۔

مزید پڑھیں: ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.19 فیصد کی کمی ہوئی، ادارہ شماریات

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 8 روپے اضافے سے 47 روپے فی کلو ہوگئے، برائلر مرغی کا گوشت 21 روپے کلو مہنگا ہونے کے بعد 260 روپے فی کلو ہوگیا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 10 روپے مہنگا ہوکر 968 کا ہوگیا، جبکہ چینی 60 پیسے فی کلو مہنگی ہوکر 99 روپے کی ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی سلنڈر 10 روپے سستا ہوا جبکہ ایک سال میں لال مرچ کا ڈبہ 140 فیصد مہنگا ہوا اور ایک سال میں بجلی 70 فیصد مہنگی ہوئی۔


متعلقہ خبریں