وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملہ میں زخمی

نیب احسن اقبال کیخلاف بھی متحرک

فائل فوٹو


نارووال: جلسے میں فائرنگ سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال زخمی ہو گئے ہیں۔

احسن اقبال نارووال کے قریب قصبہ کنجروڑ میں جلسے سے خطاب کے بعد گاڑی میں بیٹھ رہے تھے کہ عابد نامی ایک نوجوان نے دو گولیاں چلائیں جن میں سے ایک احسن اقبال کے سیدھے بازو میں لگی۔

احسن اقبال کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال نارووال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

ڈی پی او نارووال عمران کشور کے مطابق وزیر داخلہ پر فائرنگ کرنے والے 21 سالہ عابد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ عابد کنجروڑ کا رہائشی بتایا جاتا ہے اور اس نے 30 بورکے پستول سے 15 گز کے فاصلے سے احسن اقبال پرفائرنگ کی۔

ذرائع کے مطابق عابد کا تعلق ایک مذہبی تنظیم سے ہے، فائرنگ کے بعد اس نے بھاگنے کی کوئی کوشش نہیں کی اور خود گرفتاری دے دی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ 20 سے 22 سال کے نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے احسن اقبال کی لاہور منتقلی کیلیے ہیلی کاپٹر نارووال بھجوایا جس کے ذریعے انہیں لاہور منتقل کیا گیا۔ احسن اقبال کو سروسز اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعظم نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ تشویش ناک ہے۔ انہوں نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

پاکستان تحریک انصاف نے بھی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی ہے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال کی سلامتی اور مکمل صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ انہوں واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوٹر پیغام میں کہا کہ احسن اقبال پر گولی چلانے والا محض ایک آلہ کار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک ہمارا ہے ، بگاڑ پیدا کرنے والی قوتوں کا محاسبہ کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں