وائٹ ہاؤس کے سابق ڈاکٹر نے جوبائیڈن کی صحت پر سوالات اٹھادیے

جو بائیڈن صدارتی عہدے کے لیے موزوں نہیں، وائٹ ہاؤس کے سابق ڈاکٹر کا دعویٰ

وائٹ ہاؤس کے سابق ڈاکٹر رونی جیکسن نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن عہدے کے لیے موزوں نہیں ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رونی جیکسن نے کہا ہے کہ جمعرات کو جوبائیڈن کی پریس کانفرنس نے ان کی کارکردگی نے آفس کے لیے ان کی فٹنس سے متعلق سنگین سوال کھڑے کردیے ہیں۔ جوبائیڈن کی صحت ان کے عہدے میں روکاوٹ ہے۔

سابق امریکی صدر باراک اوبامہ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں معالج کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن کی پہلی پریس کانفرنس کے لیے من پسند صحافی بلائے گئے تھے جنہوں نے پہلے سے طے شدہ  پوچھے تاہم جوبائیڈن مشکل سے ان کا جواب دے سکے۔

عہدہ سنبھالنے کے 65 دن بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی نائب صدر کامیلا ہیرس کے ساتھ 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوبارہ سے حصہ لیں گے۔

رونی جیکسن کا کہنا ہے کہ اگر جوبائیڈن اپنے پسندیدہ صحافیوں کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکتے ہیں تو وہ دوسرے ممالک کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں کس طرح امریکی عوام کی نمائندگی کریں گے۔

مزید پڑھیں: جہاز کی سیڑھیوں پر پھسلنے کے بعد جوبائیڈن سو فیصد ٹھیک ہیں، ترجمان، وائٹ ہاؤس

گزشتہ ہفتے اٹلانٹا جاتے ہوئے جوبائیڈن جہاز کی سیڑھیوں سے پھسل کر گر پڑے تھے جس کے بعد امریکی میڈیا میں ان کے صحت کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے تھے۔ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جین ساکی نے یہ بتانے سے گریز کیا تھا کہ آیا کسی ڈاکٹر نے جوبائیڈن کا طبی معائنہ کیا یا نہیں۔

ڈاکٹر رونی جیکسن کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن کی کارکردگی سے ہر امریکی کو تشویش ہونا چاہیے۔ امریکی عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا ان کا صدر عہدے کے لیے موزوں اور تندرست ہیں۔

خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں خدمات سرانجام دینے کے دوران امریکی بحریہ کے ریئر ایڈمرل رونی جیکسن پر سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کے ساتھ سفر کے دوران شراب پینے کا الزام لگا تھا اور ان کا طبی معائنہ کیا گیا تھا۔ رونی جیکسن پر الزام لگایا گیا تھا کہ نشے کی حالت میں انہوں نے اپنے ماتحت ایک خاتون میڈیکل افسر سے متعلق نامناسب تبصرے کیے تھے۔

ڈاکٹر جیکسن، جو کہ ٹرمپ  اور براک اوبامہ  دونوں کے سرکاری ڈاکٹر رہ چکے ہیں، ان دنوں وائٹ ہاؤس آرمڈ سروسز کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خلاف دوران سفر جہاز میں شراب پینے کا الزام سیاسی کردار کشی پر منبی تھا کیونکہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ساتھ دینے سے انکار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں