افغانستان: بم اور خودکش دھماکے میں 19 افراد ہلاک


کابل: افغانستان میں بم اور خودکش دھماکے میں 19 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پہلا دھماکہ شمال مغربی افغان صوبے فریاب میں سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہوا جس میں سات افراد مارے گئے جبکہ خودکش حملہ خوست شہر کی ایک مسجد میں کیا گیا جہاں 12 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔

پولیس ترجمان عبدالکریم یورش کے مطابق فریاب میں آج صبح دھماکہ اس وقت ہوا جب مقامی دکانداروں کی گاڑی سڑک سے گزررہی تھی۔

انتظامی عہدیدار محمد صالح نے دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے تاہم ابھی تک فریاب میں موجود کسی شدت پسند تنظیم نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

مشرقی صوبے خوست کے دارالحکومت کی جس مسجد میں دھماکہ ہوا اسے ووٹر رجسٹریشن سینٹر کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، افغان میڈیا کے مطابق حملہ خود کش تھا۔

رواں سال 24 اپریل کو بھی فریاب میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے رینجرز کے کمانڈر جنرل فاروق قاتہ سمیت تین گارڈز ہلاک ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں