پی ڈی ایم اب مردہ گھوڑا ہے، فردوس عاشق اعوان


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اب مردہ گھوڑا اور اس میں اللہ کے علاوہ کوئی جان نہیں ڈال سکتا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جعلی راجکماری مان لیں کہ آصف علی زرداری نے انہیں گھر کا چھوڑا نہ گھاٹ کا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست بچوں کا کھیل نہیں یہ سنجیدہ عمل ہے۔ بلاول ہو گئے آر، مریم پار اور مولانا ہو گئے خوار۔ عوام چاہتے ہیں کہ آپ کے ظل سبحانی اپنے اہل و عیال سمیت آئیں اور قانون کا سامنا کریں۔

فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھینچاتانی، جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست سے باہر نکلیں۔ پی ڈی ایم کی لڑائی میں کسی کی چونچ اور کسی کی دم گم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے پھیلاؤ کے باعث پنجاب میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب میں کورونا کی صورتحال خراب ہو گئی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے اور نہ پہننے پر جرماہ اور 6 ماہ کی سزا ہو سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں