کورونا: اسلام آباد کے باعث مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ


اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث مختلف علاقوں میں لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق بحریہ ٹاون فیز ٹو اور تھری، سواں گارڈن بلاک ٹو اور ڈی ایچ اے ٹو میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورنگ ٹاؤن، پاکستان ٹاؤن فیز ون، نیشنل پولیس فاونڈیشن بلاک اے اور پی ڈبلیو ڈی بلاک سی میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔  متاثرہ علاقوں میں اشیا خورو نوش کی دکانیں صبح نو سے شام سات بجے جبکہ   میڈیکل اسٹورز  چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید41 اموات اور 4 ہزار525نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 256 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ59 ہزار 116 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد46ہزار663ہے اور 5 لاکھ98 ہزار197افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار246افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار491، خیبر پختونخوا 2 ہزار301، اسلام آباد561، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 206 اور آزاد کشمیر میں 348 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 56 ہزار450، خیبر پختونخوا85ہزار531، سندھ 2 لاکھ 64 ہزار889، پنجاب 2 لاکھ 15 ہزار227، بلوچستان 19 ہزار525، آزاد کشمیر 12 ہزار484 اور گلگت بلتستان میں5ہزار10 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں 60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں