عثمان بزدار کے خلاف کوئی عدم اعتماد نہیں آرہا، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف کوئی عدم اعتماد نہیں آرہا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور انہیں سیف سٹی کیمروں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ کو امن و امان سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں مزید کیمرے لگانے وقت کی ضرورت ہے جبکہ امن و امان کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اب ای چالان بھیجا جائے گا جبکہ سیف سٹی کا قانون منظور کرائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 240 اہلکاروں پر مشتمل ٹوورسٹ فورس اسلام آباد میں ہو گا۔ ریسکیو 1122 کی 25 گاڑیوں پر 10، 12 ارب کے اخراجات ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس کی نفری میں اضافے کی سمری وزیر اعظم کو بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی بہت بڑا اقدام ہوتا ہے اور دیکھتے ہیں کل پرسوں تک کیا ہوتا ہے۔ عثمان بزدار کے خلاف کوئی عدم اعتماد نہیں آرہا وزیر اعظم عمران خان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ آیا تھا اور ان کے ساتھ ہی جاوَں گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا چنیوٹ کیلئے 10 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

شیخ رشید احمد  نے کہا کہ بھارتی وزارت داخلہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت میں تعلقات کی بہتری مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں تعلقات کی بہتری کے لیے کوشش ضرور ہونی چاہیے جبکہ سرحدوں پر فوج کا فوج سے ہی رابطہ ہوتا ہے اور جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا خطے میں امن نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں