اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگہ منگوانے کی اجازت دے دی


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے چینی، کپاس اور سوتی دھاگہ منگوانے کی اجازت دے دی ہے۔

وزیر خزانہ حماد اظہر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 30 جون 2021 تک بھارت سے  درآمد کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے نجی شعبے کو بھارت سے چینی درآمد کرنے کی بھی اجازت دیدی۔ ای سی سی وزارتوں کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمی پورا کرنےکے لیےکپاس درآمد کرنی پڑے گی۔ بھارت سے کپاس اور دھاگے کی درآمد سستی پڑے گی۔

پاکستان میں کپاس کی سالانہ کھپت ایک کروڑ 20 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ گانٹھیں ہیں. اس سال کپاس کی پیداوار میں تاریخی کمی کا تخمینہ ہے۔ پاکستان، امریکہ، بھارت اور افغانستان سمیت دیگر ممالک سے کپاس درآمد کرتا ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو معطل کر دیا تھا۔

وزیرخزانہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پربھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کیلئے 2 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری، پی آئی اے کی تنظیم نو، روز ویلٹ ہوٹل کیلئے مالی سپورٹ پر بھی غور ہوا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کیلئے 2.5 ارب روپے کی گارنٹی پر بھی غور کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں