حج اور عمرہ کرنا ہے تو کورونا ویکسین لگوالیں


ریاض: سعودی عرب نے صرف کورونا ویکسین لگوانے والوں کو حج اور عمرہ کرنے کی اجازت دینے پر غور شروع کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی نائب وزیر صحت نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے والے کو خصوصی کیو آر کوڈ جاری کیا جاتا ہے۔

سعودی نائب وزیر صحت نے ابوظہبی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ تمام ممالک کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو تصدیقی کوڈ جاری کریں گے۔ جس کی بنیاد پر ہی حج اور عمرہ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

پینل ڈسکشن کے دوران سعودی عرب کی وزارت صحت کے پبلک ہیلتھ کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر ہانی جوکدار نے کہا کہ سعودی عرب اس سال حج اور عمرے کے لیے تیاری کر رہا ہے اور اسی لیے سعودی حکام تمام ممالک سے یہ چاہتے ہیں کہ وہ کوئی ایسا تصدیقی کوڈ متعارف کروائیں جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ حج کے لیے آنے والے زائرین کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام ممالک کو ترغیب دیتے ہیں کہ وہ تصدیق کے لیے ایسا طریقہ کار متعارف کروائیں جو سعودی عرب کی سرحد پر آسان طریقہ کر سکے تاکہ جو لوگ ویکسین لگوا چکے ہیں وہ آسانی سے ملک میں داخل ہو سکیں اور حج یا عمرے کی ادائیگی ہو۔

ڈاکٹر ہانی جوکدار نے کہا کہ سعودی عرب 16 سال سے زائد عمر کے رہائشیوں اور شہریوں کو فائزر اور آسٹرزینیکا ویکسین مفت لگا رہا ہے جبکہ سعودی عرب اس وقت روزانہ کی بنیاد پر کورونا ویکسین کی ایک لاکھ 50 ہزار خوراکیں لگا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف سعودی حکومت کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے جو کورونا کی روک تھام کے لیے حکمت عملی کر رہی ہے۔ کمیٹی کورونا کے خلاف کام کرنے والے ایسوسی ایشنز سے 200 سے زائد ملاقاتیں کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاید ہم اس وبا پر جلد قابو نہ پاسکیں تاہم اس کی روک تھام کے لیے ہمیں ہر فرد کو ویکسین پلانے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں