مریم نواز کی خرابی صحت، ڈاکٹر عدنان لندن سے لاہور پہنچ گئے

مریم نواز کی خرابی صحت، ڈاکٹر عدنان لندن سے لاہور پہنچ گئے

فوٹو: فائل


سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی خرابہ صحت کے باعث لندن سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ 

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور مریم نواز کے والد نواز شریف کی ہدایت پر ڈاکٹر عدنان مریم نواز کا چیک اپ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی طبیعت ناساز، کورونا رپورٹ منفی آگئی

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عدنان کی ہدایت پر مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ لے لیے گئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کے بعد آئندہ کے علاج کا طریقہ وضع کیا جائے گا۔

ڈاکٹرز نے مریم نواز کو تھائی رائیڈ کا آپریشن بھی تجویز کر رکھا ہے، ڈاکٹر عدنان مریم نواز کی رپورٹس کی روشنی میں علاج تجویز کریں گے۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان مریم نواز کا چیک اپ کرنے کے بعد نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے اور انہوں نے سیاسی سرگرمیاں ترک کر رکھی ہیں۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے تصدیق کی تھی کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے اس لیے انہوں نے آئندہ چار روز کے لئے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘مریم صفدر دوبارہ سائلنٹ موڈ پر ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازشریف کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے۔ مریم نوازشریف کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آیا تھا تاہم ڈاکٹرز نے مریم نواز شریف کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔


متعلقہ خبریں