بابر اعظم نے دنیا بھر کے بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دنیا بھر کے بلے بازوں کو پیچھ چھوڑ دیا ہے۔ 

بابر اعظم نے سب سے کم صرف 76  اننگز میں 13 سنچریاں بنا کر کم ترین اننگز میں 13  سنچریاں بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی شاندار سنچری، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان 76 اننگز میں 13 سنچریاں بنا کر پہلے، جنوبی افریقی کھلاڑی ہاشم آملہ 83 اننگز میں 13 سنچریاں بنا کر دوسرے جبکہ بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی 86 اننگز میں 13 سنچریاں بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

جنوبی افریقی کھلاڑی کوئنٹن ڈی کاک 86 اننگز میں ہی 13 سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ پانچواں نمبر 91 اننگز میں 13  سنچریاں بنانے والے آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کا ہے۔

گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سوپر اسپورٹس پارک میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 274 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کے آخری اوور میں حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم 103، امام الحق 74، اور محمد رضوان 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نوکیا نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو کہ پاکستان کے حق میں بہتر ثابت ہوئی۔ جنوبی افریقہ کے 4 کھلاڑی 55 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کا فوٹو شوٹ

تاہم ونڈر ڈیوسن اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور چھٹی وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

ونڈر ڈیوسن نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ اور حارث رؤف دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔


متعلقہ خبریں