آن لائن فروخت کی کوشش ناکام، خواجہ سرا کا چوری کیا گیا کتا برآمد

آن لائن فروخت کی کوشش ناکام، خواجہ سرا کا چوری کیا گیا کتا برآمد

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے چوری  کیے گئے نایاب نسل کے کتے کی آن لائن فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق کتے کی فروخت کے لیے اشتہار سوشل میڈیا  پر آیا تو خریداری کے لیے اصل مالک خواجہ سرا سامنے آگیا۔ پولیس نے نشاندہی پر کتا برآمد کرلیا۔

اس حوالے سے خواجہ سرا ارمان کا کہنا ہے کہ 29 جنوری کو اس  نے ڈیفنس بدر کمرشل کے فلیٹ سے قیمتی نایاب نسل کا پالتو کتا چوری ہوجانے پر درخواست  درخشاں پولیس اسٹیشن میں دی تھی۔

خواجہ سرا ارمان کے مطابق 2 اپریل کو خریدو فروخت  والی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے ہی کتے کی 60 ہزار روپے میں فروخت کا اشتہار دیکھا۔

خواجہ سرا ارمان کا کہنا ہے کہ اس کتے کو میں نے چھ مہینے پہلے پچاس ہزار میں خریدا تھا اور نام جیکی رکھا تھا۔ جس سے خریدا تھا اس کے تمام دستاویزات  بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: عدالت کی جانب سے کتا مار مہم کی نگرانی کا فیصلہ درست نہیں، مراد علی شاہ

خواجہ سرا ارمان نے الزام  عائد کیا ہے کہ سابق گھریلو ملازم راجو نے فلیٹ سے کتا چوری کیا تھا۔ سابق گھریلوملازم نے دوسری چابی بناکرفلیٹ سے کتا چوری کیا۔

پولیس کے مطابق کورنگی کے علاقے سے کتا بر آمد کر کے اس کی فروخت کا اشتہار لگانے والے نوجوان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ گرفتار نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ کتا خرید کر لایا تھا اور منافع کمانے کی غرض سے اسے فروخت کرنا چاہتا تھا۔

پولیس نے زیر حراست نوجوان کے بیان سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔


متعلقہ خبریں