پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے مرکزی قیادت کے خلاف تحریک کا اعلان کر دیا


لاہور: آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کے لئے مختص 40 فیصد کوٹے کے برخلاف ٹکٹوں کی تقسیم پر پاکستان تحریک انصاف (یوتھ ونگ) نے پارٹی کی مرکزی قیادت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے یوتھ ونگ نے قیادت سے ’کوٹے‘ کے مطابق انتخابی ٹکٹیں دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ یوتھ ونگ کے مطابق بہت سے حلقوں میں ’الیکٹیبلز‘ کی پارٹی میں شمولیت کے باعث کام کرنے والے نوجوان نظرانداز ہوئے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے قواعد و ضوابط کے تحت انتخابات میں 40 فیصد ٹکٹیں نوجوانوں کو دینا لازم ہیں۔ پی ٹی آئی کے تحلیل شدہ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر علی بخاری کوٹے کے مطابق انتخابی ٹکٹوں کے حصول کے لیے ملک گیر تحریک چلائیں گے۔

علی بخاری نے الزام عائد کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی نوجوانوں کو نظرانداز کیا گیا تھا۔ انہوں نےدعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے عہدیداران سے ملک بھر میں مشاورت کرلی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے تحلیل شدہ یوتھ ونگ کے عہدیداران کا الزام ہے کہ پارٹی پر سرمایہ داروں اور جاگیرداروں نے قبضہ کرلیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا تحلیل شدہ یوتھ ونگ بھی تاحال بحال نہیں ہوسکا ہے۔

انتخابات کے نزدیک آتے ہی پاکستان تحریک انصاف کے تحلیل شدہ یوتھ ونگ کی جانب سے ملک گیر سطح پر قیادت کے خلاف احتجاج کا اعلان پارٹی کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔

ماضی میں عمران خان سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے ایسے مالدار افراد کو ٹکٹ جاری کریں گے جنہیں کامیاب ہونے کا ہنر آتا ہو۔


متعلقہ خبریں