کراچی اور سکھر سمیت سندھ بھر میں 8 ویں جماعت تک اسکول بند کرنے کا فیصلہ

فوٹو: ہم نیوز


کراچی اور سکھر سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آٹھویں جماعت تک بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعیدغنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں بتایا ہےکہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو آٹھویں جماعت تک 6 اپریل سے 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کی اسکولوں میں حاضری معطل، تاہم آن لائن کلاسز سے ہوم ورک کرایا جائے گا۔

اسکولوں میں 50 فیصد حاضری کی پالیسی برقرار رہے گی، سعید غنی

دوسری جانب وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ این سی اوسی کا تعلیمی اداروں سےمتعلق اہم اجلاس 6 اپریل کوطلب کیا جائے گا۔

این سی اوسی کے اجلاس میں امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تعلیم اورصحت سےمتعلق ملک بھرکی صورتحال کاجائزہ لے کرفیصلہ کیا جائے گا۔

فی الحال پاکستان میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند ہیں۔ حکومت نے دس مارچ کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ  کورونا وائرس کے باعث گزشتہ برس 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔

6 ماہ کی طویل بندش کے بعد تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو دوبارہ کھولا گیا تاہم وبا کی دوسری لہر کے باعث انہیں 26 نومبر کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں