آکٹوپس کا ماہر ارضیات پر حملہ


میلبورن: آسٹریلیا میں آکٹوپس نے غصے میں آکر ماہر ارضیات پر حملہ کر دیا۔

آسٹریلیا کے نوجوان ماہرِ ارضیات لانس کارلسن پر غصیلی آکٹوپس نے حملہ کیا۔ وہ آسٹریلیا کے جیوگراف بے کے ساحل پر اسنارکلنگ کررہے تھے کہ انہوں نے پہلے ایک جانور دیکھا جس پر اسٹنگ رے کا گمان ہوا جو پانی سے چھلانگ لگا کر ان کی جانب بڑھی۔

بعد ازاں انہوں نے اس کی ویڈیو بنانا شروع کی اور وہ ان کی جانب بڑھی لیکن فوراً ہی پانی میں غائب ہوگئی۔ اس واقعے کے بعد وہ اپنے کام میں مصروف ہوگئے اور قریب ہی کیکڑوں کے خول کے ڈھیر کو دیکھنے لگے۔ اچانک انہیں اپنے الٹے بازو پر سرسراہٹ محسوس ہوئی اور ساتھ ہی ان کی گردن اور کمر پر کوڑے کی طرح کوئی شے لگی۔

لانس کارلسن نے سوچا کہ شاید یہ کوئی آکٹوپس ہے جس کے گھر پر انہوں نے بے دھیانی پر پاؤں رکھ دیا تھا۔ تیراکی دوران ان کی آبی عینک دھند لا گئی اور شاید آکٹوپس سے خارج ہونے والی سیاہی سے پورا منظر دھندلاگیا تھا ۔ اب خوفزدہ ہوکر انہوں نے ساحل کا رخ کیا۔

اس پورے عمل میں وہ بہت خوفزدہ تھے کیونکہ آکٹوپس خطرے کی صورت میں پانی میں سیاہی خارج کرتی ہیں لیکن اس واقعے میں آکٹوپس نے ان پر حملہ بھی کیا تھا۔ چند منٹوں بعد ان کی گردن پراور پیٹھ پر سرخ نشان نمایاں تھے۔ تاہم کارلسن نے اس سارے عمل کو بہت تکلیف دہ قرار دیا۔ اس سے 20 منٹ قبل کی ویڈیو میں بھی آکٹوپس کو غصے میں دیکھا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں