اسلام آباد: بین الصوبائی ٹرانسپورٹ دو روز کیلئے معطل 


اسلام آباد انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور این سی او سی کی ہدایات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے آنے اور جانے والی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو دن کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔ 

بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتہ، اتوار کیلئے پابندی لگا دی گئی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی نجی گاڑیوں، سامان کی آمد و رفت میں استعمال ہونے والی گاڑیوں، میڈیکل اور ایمرجنسی ٹرانسپورٹ پر عائد نہیں ہو گی۔

پابندی کا اطلاق 9-10 اپریل کی رات سے 25-26 اپریل 2021 کی رات تک ہو گا۔ ہفتے کے بقایا دن ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے گا۔

گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن (این سی او سی ) نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر ملک میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتہ، اتوار کیلئے پابندی لگا دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: ایک سے دوسرے شہر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد

نوٹیفکیشن کے مطابق  تمام بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ  پابندی 10 تا 25 اپریل تک عائد رہے گی جب کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پیر سے جمعہ تک چلتی رہے گی۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق پورے ملک میں ریلوے 75 فیصد مسافروں کے ساتھ پورا ہفتہ چلے گی۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر 2 ہفتوں کیلئے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی۔

گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں انہوں نے کہا تھا کہ کورونا کے حساب سے ہم اُسی جگہ پر ہیں جہاں گزشتہ سال تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر دو روز کیلئے پابندی عائد

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 2 ہفتوں کیلئے صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ بند کی جائے، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے لوگوں کی آمد و رفت رک جائے گی۔

این سی سی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کی تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں