پب جی کے شوقین نوجوان کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق


لاہور کے علاقے سوڈیوال میں تھانہ نواں کوٹ کی حدود میں پب جی کے شوقین نوجوان نے گیم کا سین اصل میں دہراتے ہوئے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر نشے کے عادی نوجوان نے فائرنگ کردی اور بہن اور بھابھی سمیت تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق پب جی کھلینے سے منع کرنے پر نوجوان نے اہلخانہ سے جھگڑا کیا۔ بحث کے بعد ملزم نے ماں، بہن اور بھابی کو گولیاں مار دیں۔ بھائی نے روکا تو دونوں الجھتے گلی میں آئے، ملزم نے گلی میں بھائی کو گولیاں ماریں۔

 راہگیر زاہد نے ملزم کو روکا تو اس پر بھی پستول تان لیا۔ زاہد نے بھاگ کر جان بچائی اور قریب موجود گھر میں گھس گیا۔ ملزم نے تعاقب کیا اور گھر میں گھس کر اسے گولیاں ماریں۔

مزید پڑھیں: پب جی گیم پر بلاک کرنے پر دوستوں نے ملکر بچے کو قتل کردیا

فائرنگ کے بعد ملزم نت وہاں سے فرار کی کوشش کی تو اہل محلہ نے دبوچ لیا اور پولیس بھی موقع پر پہنچی اور قاتل کو حراست میں لے کر تھانہ نواں کوٹ منتقل کیا۔

عینی شاہدین اعظم اورجمیل کے مطابق اچانک ملزم نے فائرنگ شروع کی اور فائرنگ کرتے کرتے باہر آ گیا اور باہر ایک محلہ دار کو بھی گولیاں مار دیں۔

پولیس کے مطابق ملزم بلال کی فائرنگ سے بہن، بھابی اور راہگیر زاہد جاں بحق ہو گئے جبکہ والدہ معمولی جبکہ بھائی شدید زخمی ہوگیا۔ ملزم کا بھائی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔

پولیس کے مطابق نشے سے روکے جانے پر ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا

 ڈی ایس پی عمر فاروق بلوچ کے مطابق ملزم نے بالکل گیم کی طرح سین دہرایا۔ یہ آئس کا بھی عادی تھا اور گھر میں جھگڑے کے بعد یہ قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو کل صبح تفتیشی پولیس کے حوالے کیا جایے گا۔


متعلقہ خبریں