کابل میں خود کش حملہ، قندھار میں پولیس نشانہ

کابل میں خود کش حملہ، قندھار میں پولیس نشانہ | urduhumnews.wpengine.com

کابل: افغان دارالحکومت کو پیر کے روز خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا جب کہ قندھار صوبہ کے جنوبی حصے میں پولیس پر حملہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو دستیاب اطلاعات کے مطابق کابل میں خود کش حملہ کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم قندھار میں پانچ پولیس افسران ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کے مطابق کابل کے علاقے شہر نو میں خودکش دھماکا کیا گیا ہے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خودکش بمبار کا ہدف خون کےعطیات جمع کرنے والا ایک کیمپ تھا۔

افغان حکام کے مطابق پولیس حملہ آور کو کیمپ تک پہنچنے سے روکنے میں کامیاب رہی جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

قندھار صوبے کے ترجمان ضیا درانی کے مطابق جنوبی قندھار میں طالبان نے پولیس پر حملہ کیا جس میں پانچ افسران ہلاک اور نو اہلکار زخمی ہوئے۔

صوبائی ترجمان کے مطابق جھڑپ میں 15 افغان طالبان کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمد نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں