تحریک لبیک سے معاہدہ، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا


وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کے متعلق مشاورت کیلئے کل اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کل وزیراعظم ہاوس میں ہوگا۔ اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود، وزیرداخلہ شیخ رشید اوروزیرمذہبی امور شریک ہوں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر غور ہوگا۔ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم عمران خان وزار کے ساتھ اجلاس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے لیے قرارداد منظور کروانے کی تجویز پر غور کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں تحریکِ لبیک نے فرانس میں متنازع خاکوں کی اشاعت کے خلاف راولپنڈی میں لیاقت باغ سے فیض آباد تک ‘ناموسِ رسالتِ ریلی’ نکالی تھی۔

ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی، اورریلی کے شرکا نے فیض آباد پل پر دھرنا  دے دیا تھا۔ حکومت پاکستان نےمذہبی اور سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان نومبر2020 میں معاہدہ کیا تھا۔

معاہدے پراس وقت وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے دستخط تھے۔

معاہدے کا پہلا نکتہ فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے نتیجے میں پاکستان میں مقیم فرانسیسی سفیر کو دو سے تین ماہ کے عرصے میں پارلیمنٹ سے فیصلہ سازی کے ذریعے ملک بدر کرنے کے بارے میں ہے۔

معاہدے میں شامل ہے کہ حکومت سرکاری سطح پر فرانس کی اشیا کا بائیکاٹ یقینی بنائے گی اور فرانس میں اپنا سفیر بھی تعینات نہیں کرے گی۔


متعلقہ خبریں