حزب اللہ نے لبنان کے انتخابات میں برتری حاصل کر لی

حزب اللہ نے لبنان کے انتخابات میں برتری حاصل کر لی | urduhumnews.wpengine.com

بیروت: لبنان میں پارلیمانی انتخابات کے غیر حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق حزب اللہ نےنصف سے زائد نشستیں حاصل کرلی ہیں۔

غیر حتمی نتیجہ پر تبصرہ کرتے ہوئے مبصرین کا کہنا ہے کہ انتخابات جیتنے سے ملک میں حزب اللہ کا اثر ورسوخ مزید بڑھے گا۔

لبنان میں گزشتہ روز نو برسوں بعد پارلیمانی انتخابات منعقد کئے گئے تھے۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق حزب اللہ اور اتحادی آئندہ پارلیمان میں اکثریتی گروہ کے طور پر سامنے آئے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم حریری نے متعدد نشستیں کھوئی ہیں۔

تقریبا ایک دہائی بعد ہونے والے انتخابات میں 38 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا۔ لبنانی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 49.2 فیصد ووٹرز نے انتخابی عمل میں حصہ لیا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب 54 فیصد رہا تھا۔

لبنان کے حالیہ انتخابات میں 128 نشستوں کے لئے 86 خواتین سمیت 583 امیدوار میدان میں تھے۔ لبنان کی پارلیمان میں 64 نشستیں مسلمانوں جب کہ اتنی ہی عیسائی نمائندوں کے لئے مختص ہیں۔

عیسائیوں کے لئے مختص نشستوں پر رومن کیتھولک، آرتھوڈوکس، پروٹسٹنٹ، آرمینیائی کیتھولک، آرمینیائی آرتھوڈوکس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ جب کہ مسلمانوں کے لئے مختص 50 فیصد نشستوں پر سنی، شیعہ، دروز اور علویوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

نئے انتخابی قوانین کے تحت لبنان کو 15 اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر رائے دہندہ نے دو ووٹ دینے تھے، ایک کسی امیدورا کے لئے جب کہ دوسرا امیدواروں کے پینل کے لئے پول کرنا تھا۔

اتوار کو ہونے والے انتخابات سے قبل کے سیاسی بحران میں لبنان دو برس تک صدر کے بغیر رہا۔ اس دوران پارلیمان نے متعدد بار اپنی مدت میں اضافہ کیا۔


متعلقہ خبریں