تیسرا ون ڈے : پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی


پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز دو ایک سے جیت لی۔

سنچورین کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 321 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 292 رنز پر آوٹ ہو گئی۔

اس طرح پاکستان نے تیسرا ون ڈے میچ 28 رنز سے جیت لیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جان من مالان نے 70، کائل وئیرائن 62 اور اینڈی لے فلی کائیو نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ اور محمد نواز نے تین تین جب کہ حارث روف نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

تین میچوں میں لگاتار دو میں سنچری اسکور کرنے پر فخر زمان کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس سے پہلے میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا۔  اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ امام 57 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

فخر زمان اور بابراعظم نے اپنی عمدہ فارم کا تسلسل جاری رکھا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 101 اور 94 رنز کی اننگز کھیلی۔

اننگز کے آخری اوورز میں حسن علی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک اوور میں چار چھکے لگائے۔

اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز اسکور کئے۔

تیسرے ون ڈے کےلیے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی۔ سرفراز احمد کی 15 ماہ بعد ون ڈے کرکٹ میں واپسی ہوئی۔


متعلقہ خبریں