نواز شریف کا اتحادی اپوزیشن جماعتوں کو لانگ مارچ کی تیاری کا مشورہ

پیپلز پارٹی ساتھ چلے تو ٹھیک ورنہ 9 جماعتیں لائحہ عمل دیں گی، نواز اور فضل الرحمان میں اتفاق

مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف نے اتحادی اپوزیشن جماعتوں کو لانگ مارچ کی تیاری کا مشورہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا جس میں اے این پی کے اعلان کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن نے پی ڈی ایم کی دیگر 8 جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جنہوں نے اتحاد برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کا پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان

یاد رہے کہ گزشتہ روز اے این پ) نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

اے این پی کے رہنما امیر حیدر ہوتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ شوکاز نوٹس پیپلز پارٹی اور اے این پی کو نہیں ملنا چاہیے تھا، ہمیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے، مولانا صاحب جب صحت یاب ہو جاتے تو پھر وضاحت مانگ لیتے۔ جو وضاحت انہیں چاہیے تھی وہ ہم دے چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ مخصوص جماعتیں پی ڈی ایم کوذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں، ذاتی ایجنڈے کیلئے پی ڈی ایم کا ساتھ نہیں دے سکتے۔

امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ نظرآرہا ہے پی ڈی ایم کودوسری طرف لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماوَں کو سخت جواب دینے کی ہدایت کر دی ہے۔   شیری رحمان، پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری جواب تیار کریں گے۔


متعلقہ خبریں