بابراعظم نے ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی


قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھین لی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے پاکستانی بلے باز کیلئے جنوبی افریقہ کیخلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز کافی مفید ثابت ہوئی۔

بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 76 کی اوسط سے 228 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

سیریز شروع ہونے سے قبل بابراعظم آئی سی سی کی بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود تھے۔ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر ہر موجود ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے بلے بازوں کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں فخر زمان پانچ درجے بہتری کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف لگاتار دو میچوں سنچری اسکور کرنے والے اوپنر فخر زمان نے ٹاپ ٹین بلے بازوں میں جگہ بنا لی۔

 

 


متعلقہ خبریں