برازیل: کورونا سے 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار سے زائد افراد جاں بحق

برازیل: کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار سے زائد افراد جاں بحق

لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں پہلی بار 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 4،000 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ برازیل میں نئے قسم کے کورونا وائرس سامنے آنے کے بعد ایک دن میں یہ سب سے زیادہ اموات رکارڈ کی گئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد اسپتالوں میں ہجوم لگ گیا ہے اور بعض شہروں میں علاج کے منتظر افراد اسپتالوں کے باہر دم توڑ رہے ہیں اور کئی علاقوں میں صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کو اب تک مجموعی تعداد  337،000 ہوگئی ہے جو امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب برازیل کے صدر جائر بولسنارو نے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی بھی لاک ڈاؤن کے اقدام کی مخالفت کی ہے۔

مزید پڑھیں: برازیل: کورونا کی نئی قسم دریافت، برطانیہ نے سفری پابندیاں لگادیں

انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے سبب معیشت کو پہنچنے والا نقصان خود اس وائرس کے اثرات سے بھی بدتر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب عدالتوں میں مقامی حکام کی طرف سے عائد کی جانب سے پابندیوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

منگل کو صدارتی رہائش گاہ کے باہر اپنے حامیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے لاک ڈاؤن سے متعلق مقامی حکام کی جانب سے سخت اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو گھروں میں بند کرنے سے ان کے موٹاپے میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔

تاہم برازیل کے صدر نے اپنے حامیوں سے خطاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ کی جانے والی 4،195 اموات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

برازیل کی وزارت صحت کے مطابق اب تک برازیل میں کورون وائرس کے 13 ملین سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ صرف مارچ میں کوڈ 19 سے 66،570 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جو پچھلے ماہانہ ریکارڈ سے دوگنا زیادہ ہیں۔


متعلقہ خبریں