امریکہ کا فلسطین کیلئے امداد بحال کرنے کا اعلان


واشنگٹن: امریکہ نے فلسطین کے لیے امداد بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جوبائیڈن انتطامیہ کا فلسطینیوں کو ساڑھے 23 کروڑ ڈالر امداد دینے کا منصوبہ ہے۔ جوبائیڈن نے فلسطین کو 235 ملین ڈالر امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ فلسطین کی امداد سابق صدر ٹرمپ کے دور میں روکی گئی تھی۔

 نیویارک اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ  دوسرے ممالک سے بھی ایسے اقدامات کی امید ہے۔

امریکی امدادی پیکیج زیادہ تر اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی یو این ڈبلیو آر اے کے ذریعے فراہم کیا جائے گا اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔

ڈیموکریٹک صدر جوبائیڈن نے واضح کیا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے حوالے سے سابق صدر کی جانب سے کیے گئے تمام فیصلوں کو واپس لیں گے جن کو فلسطینیوں نے جانب دار قرار دیا تھا۔

امریکہ کی نئی انتظامیہ پہلے ہی واشنگٹن میں قائم فلسطینی سفارتی مشن کی بحالی، لاکھوں ڈالر کی معاشی اور انسانی بنیادوں پر تعاون کا اعادہ کیا تھا۔

جوبائیڈن کے ساتھیوں نے بھی واضح کیا تھا کہ وہ اسرائیل اورفلسطین کے مسئلے میں دو ریاستی حل کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ مذاکرات سے یہ مقصد حاصل ہو۔


متعلقہ خبریں