جہانگیر ترین نے پاور شو کیلئے ہم خیال گروپ کے اعزاز میں عشائیہ رکھ لیا


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نے پاور شو کے لیے کل ہم خیال گروپ کے اعزاز میں عشائیہ رکھ لیا ہے۔ 

ہم نیوز کے مطابق جہانگیر ترین نے 10 اپریل کو عدالت میں پیشی کے موقع پر پاور شو کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں کل ہم خیال گروپ کے اعزاز میں عشائیہ بھی رکھ لیا ہے۔

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ ہم خیال گروپ کے اعزاز میں عشائیے میں ٹکٹ ہولڈرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے، عشائیہ میں جہانگیر ترین سیاسی مستقبل کے بارے میں ساتھیوں سے مشاورت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا جہانگیر ترین پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی

جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کو اعتماد میں لیں گے۔  دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس پر بھی الزامات ہیں قانون کا سامنا کرے عدالتیں انصاف فراہم کریں گی۔

مستند ذرائع نے ہم نیوز  کو بتایا کہ دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ میں قانون سب کے لیے برابر ہے، ریاست مدینہ کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ قانون سب کے لیے ایک ہے کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے، مجھ سمیت سب قانون کے سامنے جوابدہ ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں قانون کی بالا دستی ہوگی۔

دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیرخان ترین نے کہا تھا کہ مجھ  پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں۔ میرے خلاف 3مقدمات ہیں۔ پاکستان میں80 شوگر ملز ہیں، لیکن نشانے پر صرف میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے ہیں۔

جہانگیرترین نے کہا کہ اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ ، یہ سب کون کررہا ہے؟ ظلم بڑھتا جارہا ہے، میری وفاداری کا امتحان لیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دوست ہوں دشمن نہ بنائیں، جہانگیرترین کی وارننگ

انہوں نے کہا کہ ’میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہورہی ہے، وجہ کیا ہے؟ ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انھیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی یہ سب کررہا ہے وقت آگیا ہے انہیں بے نقاب کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیرترین نے کہا پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں ہوئیں۔


متعلقہ خبریں