اسلام آباد کے معمر افراد کیلئے قومی ادارہ صحت کی موبائل کورونا ویکسینیشن مہم


قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے اسلام آباد کے معمر افراد کی کورنا ویکسی نیشن کے لیے خصوصی موبائل مہم کا آغاز کیا ہے۔ 

این آئی ایچ کے مطابق اسلام آباد میں معمر افراد کی ویکسی نیشن کے لیے موبائل ٹیمیں متحرک ہیں۔ ٹیمیں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں ویکسی نیشن کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 75 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگنے میں 10 سال لگ جائیں گے، رپورٹ

قومی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کورونا ویکسین مفت فراہم کی جارہی ہے، 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مختلف علاقوں میں کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو گھروں میں ویکسین لگائی جارہی ہے۔

این آئی ایچ، ڈبلیو ایچ او، این سی اوسی اور وزارت صحت کے تعاون سے خصوصی مہم جاری ہے، سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بھی ویکسی نیشن کیمپ کا دورہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے پاکستان میں کورونا ویکسین لگنے کی رفتار کو سست ترین قرار دیا ہے۔

بلوم برگ کی  رپورٹ کے مطابق موجودہ رفتار سے ویکسینیشن کرنے پر پاکستان میں 75 فی صد آبادی کو ویکسین لگوانے میں دس سال لگیں گے۔

امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت آبادی کو کورونا ویکسین لگانے میں بہت پیچھے ہے۔ اگر ویکسی نیشن کی یہی رفتار رہی تو 75 فیصد آبادی کو ویکسین لگنے میں ایک دہائی لگ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں مزید5ہزارسےزائدکیسز اور98اموات رپورٹ

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا عمل سست روی کا شکار ہے۔

لاہوربھی اگر ساری آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا حساب لگایا جائے تو اس کی مدت 11 سال سے زائد بنتی ہے۔


متعلقہ خبریں