برطانیہ ایک دانشمند رہنما سے محروم ہو گیا، وزیراعظم عمران خان

اسٹیٹ بینک سے اچھی خبر آ گئی، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے برطانوی شہزادہ فلپ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ ایک دانشمند رہنما سے محروم ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کیلئے شہزادہ فلپ کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

یاد رہے کہ ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ آج 99 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ شہزادہ فلپ کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔

بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ نے انتہائی گہرے رنج و غم کے ساتھ  اپنے پیارے خاوند ہز رائل ہائینس ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی موت کا اعلان کیا ہے۔

بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فلپ آج صبح ونڈسر کیسل میں پرسکون طریقے سے انتقال کرگئے۔

مزید پڑھیں: شاہی جوڑے کا معاملہ، ملکہ برطانیہ نے خاموشی توڑ دی

اس سے قبل برطانیہ کے شہزادہ فلپ کو اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔ 99 سالہ شہزادہ فلپ کو اسپتال میں داخل کرنے کا مشورہ ان کے ڈاکٹروں نے دیا تھا۔

اس وقت بکنگھم پیلس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شہزادہ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اوروہ بہتر محسوس نہیں کررہے تھے۔

برطانیہ کے 99 سالہ شہزادہ فلپ کو اپنی ذمہ داریوں سے 2017 میں مکمل طورپر سبکدوش کردیا گیا تھا جس کے بعد وہ عوام کے سامنے کبھی کبھار ہی آئے ہیں۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران انہوں نے ملکہ برطانیہ کے ہمراہ مغربی لندن میں قیام کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق شہزادہ فلپ نے 1947 میں شہزادی الزبتھ سے شادی کی تھی۔ فلپ اور الزبتھ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک ساتھ زندگی گزارنے والا شاہی جوڑا ہے۔

ملکہ الزبتھ اور شہزادہ فلپ کے چار بچے، آٹھ پوتے اور 10 پڑ پوتے اور پوتیاں ہیں۔

شہزادہ فلپ 10 جون 1921 کو پیدا ہوئے تھے۔ شہزادہ فلپ کے 4بچو ں میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔ شہزادہ فلپ کے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس برطانیہ کے ولی عہد ہیں۔


متعلقہ خبریں