خیبر پختونخوا: ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد

خیبر پختونخوا: ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد

کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر ہفتہ اور اتوار کو پابندی برقرار رہے گی۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مال بردار گاڑیوں سمیت میڈیکل اور ایمرجنسی گاڑیوں پر پابندی نہیں ہوگی۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق پابندی کورونا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے باعث لگائی گئی ہے۔ پابندیوں کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں 5 دن کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید105اموات اور5ہزار312نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد15 ہزار229تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد7 لاکھ10ہزار829 ہوگئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد69ہزار811ہےاور6لاکھ 25ہزار789افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار851 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار521، خیبر پختونخوا 2 ہزار553، اسلام آباد 597، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 391 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا روسی ویکسین مقامی سطح پہ تیار کرنے پر غور

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد64ہزار173، خیبرپختونخوا96ہزار128، پنجاب 2 لاکھ 43 ہزار295، سندھ 2 لاکھ 67 ہزار970، بلوچستان2ہزار97، آزاد کشمیر 14 ہزار069اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار97افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کوروناوائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔

لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ،  رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں 60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں