ڈسکہ ضمنی انتخابات کل 22 کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کرے گا، مریم نواز

فوٹو: ہم نیوز


پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج پوری قوم کی نظریں ڈسکہ کے ضمنی انتخاب پر ہیں، ڈسکہ کل 22کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کرے گا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 75 ڈسکہ میں کل ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام کو اس ووٹ چور حکومت سے بدلہ لینے کا ایک اور موقع ملا ہے۔

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ حکومت نے غریب سے روٹی اور پاکستان سے ترقی چھین لی ہے۔ حکومتی خوف کی وجہ سے 22 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کے اہلکار اغوا ہوئے تھے۔ ڈسکہ کل قوم کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت پر عدم اعتماد کریگا۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ کل جھوٹے وعدے کرنے والے ان عناصر کو بے نقاب کرے گا۔ ڈسکہ کے عوام کل پولنگ عملے کےتحفظ کیلئے بھی پہرا دیں گے تاکہ کوئی ووٹ کی بے حرمتی کیلئے پولنگ عملے کو اغوا نہ کر سکے۔

خیال رہے کہ ڈسکہ ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے اور دوبارہ الیکشن کل ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماعلی اسجد ملہی اور ن لیگی امیدوار نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

ڈسکہ کی سیٹ ن لیگی رہنما صاحبزادہ سید افتخارالحسن شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔ ڈسکہ حلقہ این اے 75 کے کل 360 پولنگ ا سٹیشنز ہیں۔

حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی ہوگی۔

حلقے میں تعینات پریذائیڈنگ افسران کےلیے اسمارٹ فون لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن ہوگا

تمام پریذائیڈنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو موبائل پراپنی لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام پریذائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر لیں گے اور اسے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔ ریٹرننگ افسر کو فرانزک تفصیلات بھی جمع کرانا ہوں گی۔

قبل ازیں 19فروری کو بھی ڈسکہ میں الیکشن ہوا تھا تاہم امن و امان کی خراب صورتحال اورانتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث اس کے نتائج منسوخ کرکے دوبارہ الیکشن کا اعلان کیا گیا تھا۔

 

 


متعلقہ خبریں