ن لیگ نے ہار چھپانے کیلئے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا، شہباز گل

مریم صاحبہ! آئیں قدم بڑھائیں،37 ویں بار عمران خان سے شکست کھائیں: شہباز گل

فوٹو: فائل


وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن این اے 75 ڈسکہ میں ہار چھپانے کے لیے ابھی سے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا ہے۔ 

شہباز گل کا کہنا تھا کہ آج کا دن نااہل لیگ کیلئے تاریخی ہار لے کر آئے گا، پہلی مرتبہ ہار پر رونے والوں کو ایک اور موقع دیا گیا، نااہل ایک بار پھر مسترد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسکہ الیکشن: اسلحہ کی نمائش پر 9 افراد گرفتار

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر بیٹھنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، ن لیگ کے دور میں آئی ایم ایف آپ کا پسندیدہ راستہ تھا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ احسن اقبال ماضی میں حکومت کو تاخیر سے آئی ایم ایف جانے کا طعنہ دیتے رہے، اسحاق ڈار نے حکومت کو آئی ایم ایف جانے پر مجبور کیا۔

خیال رہے کہ قومی اسملبی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں سخت پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسکہ ضمنی انتخابات کل 22 کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کرے گا، مریم نواز

ضمنی انتخاب میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ حلقے میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ کوئیک رسپانس ٹیموں کا بھی گشت جاری ہے۔

قواعد و ضوابط کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 میں پولنگ صبح 8 بجے شروع کر دی گئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ چیف الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن آفس لاہورمیں ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں