ڈسکہ ضمنی انتخاب: فردوس عاشق اعوان کا ریٹرننگ افسر پر پھر سے تحفظات کا اظہار


وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کے دوران ریٹرننگ افسر پر پہلے دن سے جو تحفظات تھے وہ آج بھی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر او ہمارے تمام تر تحفظات کے بعد بھی ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام رہے۔ ووٹرز کو گمراہ کرنے والے ن لیگ کے لوگوں کو آر او نے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔

معاون خسوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ابھی تک آر او نے ان کے حوالے سے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی۔ آر او صاحب ایک جماعت کے مخصوص ایجنڈے کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ یہاں جو گٹھ جوڑ تھا اسے ہی آگے بڑھایا جارہا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ آر او صاحب اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ووٹر کو حق دیا گیا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنا نمائندہ منتخب کرسکے۔ وزیراعظم عمران خان ملک میں صاف شفاف انتخاب کا عزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی تھی کہ انتخابی عمل کو مکمل صاف رکھا جائے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ڈسکہ میں ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ ڈسکہ میں کئی سالوں سے گدی نشینی کی سیاست تھی۔ مسلم لیگ ن میں ہارنے پر سوگ منانے کا جذبہ ہی نہیں ہے۔ اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے ن لیگ نے نوٹوں کی بوریوں کا سہارا لیا۔

مزید پڑھیں: ڈسکہ الیکشن: اسلحہ کی نمائش پر 9 افراد گرفتار

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے 2 گزارشیں کرنی ہیں۔ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ہر ممکن قدم اٹھایا۔ آج ایک منصفانہ اور صاف شفاف ماحول میں الیکشن ہوا۔ مسلم لیگ ن کے درجنوں ایم پی ایز مختلف پولنگ اسٹیشنز میں گھومتے رہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ گدی نشینی سیاست کی آڑمیں منشیات فروشی کو فروغ دیا جاتا رہا ہے۔ صاف شفاف انتخابات عمران خان کا وژن ہے۔ ن لیگ نے کبھی شفاف الیکشن کو قبول نہیں کیا۔ ن لیگ کوصرف جیت کا جشن منانا آتا ہے، ہار پر افسوس ہوتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج میڈیا نے ہمارے کسی وزیر کو پولنگ اسٹیشن میں نہیں دیکھا۔ اپنے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے صبر کیا اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس پر مجھے یہاں نوٹس دیا گیا۔عوام کو کورونا وائرس کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ تمام اپنے اتحادیوں کا شکریہ اداکرتی ہوں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  الیکشن کانتیجہ جو بھی آئے لیکن منشیات فروشی والے عناصر بہتر مستقبل کی نوید نہیں بن سکتے۔ کورونا کی وجہ سے آج دیہات اور شہر میں ٹرن آوَٹ کم رہا۔ ڈسکہ کے عوام جس کو بھی اسمبلی میں بھیجیں گے، عوامی مینڈیٹ کی پاسداری کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کل ایک مفرور شخص لندن سے پولنگ ایجنٹس سے خطاب کر رہا تھا۔


متعلقہ خبریں